لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں سمیت محکمہ زراعت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ زراعت پنجاب کے تحت جاری مختلف زرعی ترقیاتی منصوبوں، کسانوں کی سہولتوں اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سید عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ کسان کارڈ سے 10 لاکھ کاشتکار فائدہ حاصل کر رہے ہیں، جبکہ گرین ٹریکٹر فیز 4 کے لیے 2 لاکھ 14 ہزار سے زائد کسانوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، جن پر فی ٹریکٹر 7 لاکھ 50 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔
اجلاس میں اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کے مطابق پروگرام کے تحت زمین حاصل کرنے والے افراد کو فنی رہنمائی کے ساتھ مالی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ زرعی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔
سید عاشق حسین کرمانی نے مزید بتایا کہ 1500 نوجوان زرعی گریجویٹس کی حتمی سلیکشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ نئے زرعی گریجویٹس 16 ستمبر سے عملی فیلڈ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے ذریعے صوبے میں جدید زرعی مشینری کے استعمال اور فروغ کو تقویت مل رہی ہے۔










