لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبہ پنجاب میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔
اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت توسیع، انفارمیشن اور فیلڈ سمیت صوبے کے تمام زراعت توسیع کے ڈویژنل ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، باقیات جلانے کی روک تھام ایک چیلنجنگ ٹاسک ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس سموگ کنٹرول مہم بھرپور انداز میں چلائی جائے گی، جبکہ دھان کی باقیات کو آگ نہ لگانے کے حوالے سے کاشتکاروں کو انتباہی نوٹسز بھی دیے جا رہے ہیں۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ دھان کی کٹائی مکمل ہونے تک آگاہی مہم جاری رہے گی، جس کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال کیا جائے گا۔
وزیر زراعت نے بتایا کہ گزشتہ برس دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں 70 فیصد کمی واقع ہوئی، اس سال اس میں مزید بہتری لاتے ہوئے 100 فیصد مکمل کریں گے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبائی اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کر دیے گئے ہیں۔ مہم کی کامیابی کے لیے ضلعی سطح پر انتظامیہ کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنائے جائیں گے۔










