لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب پولیس کی جانب سے پولیس فورس اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف ویلفیئر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال پولیس ملازمین اور ان کے خاندانوں کی مالی معاونت، تعلیم، علاج اور دیگر ضروریات کیلئے ایک ارب 34 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایجوکیشنل سکالرشپس کی مد میں 39 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد جاری کیے گئے۔ پولیس ملازمین کی بیٹیوں کیلئے ویڈنگ گفٹ کی مد میں 41 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:محکمہ داخلہ پنجاب کے 16 افسران امریکہ سے تربیت لیکر آگئے، کن محکموں میں تعینات ہونگے؟
پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے میں معاونت کیلئے 18 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی، جبکہ ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں پولیس ملازمین کو 20 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق پولیس ملازمین کی فیملیز کو گزارہ الاؤنس کی مد میں 10 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد فنڈز دیے گئے۔ اسی طرح تدفین کے اخراجات کیلئے فورس کے اہلخانہ کو 3 کروڑ 24 لاکھ روپے سے زائد جبکہ پولیس فورس کو فوری مالی امداد کی مد میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے طلبا و طالبات، پولیس میں انٹرن شپ کیسے کر سکتے ہیں؟
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور ویلفیئر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کے ذریعے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات کے ازالے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔










