لاہور(پنجاب پوسٹ) ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن رانا زاہد حسین نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اقبال ٹاؤن ڈویژن پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، چوری اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس پی رانا زاہد حسین کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس اقبال ٹاؤن نے شہری محمد عمران کو چھری کے وار کرکے زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ شہری کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم دو روز بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا تھا۔ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس ساندہ نے 16 سالہ فیضان احمد کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کا تندور پر کام کرنے والے فیضان سے روٹی کے پیسوں پر جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس گلشن اقبال نے ٹریفک سگنلز پر کھڑی گاڑیوں کو نشانہ بنا کر شہریوں کا قیمتی سامان چوری کرنے والے گینگ کے سرغنہ سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان گاڑیوں کے شیشے کھول کر ڈرائیوروں کو باتوں میں الجھاتے اور موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو جاتے تھے۔ گرفتار ملزمان سے 30 لاکھ 40 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔؎

انہوں نے مزید بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس شیرا کوٹ نے شہری سید نادر عباس کے گھر سے 12 تولے طلائی زیورات چوری کرنے کا معمہ حل کرتے ہوئے خاتون ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے اور چوری شدہ تمام زیورات برآمد کر لیے گئے ہیں۔
انویسٹی گیشن پولیس اقبال ٹاؤن نے گھروں کی دیواریں پھلانگ کر چوری کرنے والے گینگ کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے گاڑی کی دو بیٹریاں، دو سٹیزن گھڑیاں، پرائز بانڈز اور دیگر قیمتی سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ایس پی رانا زاہد حسین نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس ہنجروال نے ایک سال قبل اغواء ہونے والی خاتون کو بحفاظت تلاش کرکے ورثاء کے سپرد کر دیا ہے۔ خاتون کے سابق شوہر نے اس کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا، تاہم خاتون نے متعلقہ عدالت سے خلع لینے کے بعد دوسری شادی کر لی تھی۔
ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کا کہنا تھا کہ تمام ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ خواتین کے اغواء میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔











