لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں پروبیشن اینڈ پیرول نظام کو جدید اور عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم قدم اٹھایا گیا ہے، جہاں پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے 16 سینئر افسران نے امریکی ریاست ورجینیا میں منعقدہ خصوصی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرلیا۔
امریکہ میں تربیت مکمل کرنے والے افسران نے محکمہ داخلہ پنجاب آمد پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ سیکرٹری داخلہ نے افسران کو تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول نظام کو عالمی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام امریکی ریاست ورجینیا میں ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کے اشتراک سے منعقد ہوا، جبکہ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ پنجاب کے وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل پروبیشن اینڈ پیرول محمد شاہد اقبال نے کی۔
تربیتی پروگرام کے دوران بحالی، اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت کے بنیادی فلسفے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ افسران کو شواہد پر مبنی پروبیشن اینڈ پیرول نگرانی، انسانی رویوں کی جانچ، موٹیویشنل طریقہ گفتگو اور آفنڈر مینجمنٹ کے جدید طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
تربیت میں الیکٹرانک مانیٹرنگ، جی پی ایس نگرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی آفنڈر مینجمنٹ نظام کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ ہائی رسک مجرمان اور گینگز سے وابستہ افراد کی مؤثر نگرانی کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔
تربیت مکمل کرنے والے ہر افسر نے پنجاب میں قابلِ عمل اصلاحات کے لیے انفرادی ایکشن پلان بھی پیش کیا۔ ورجینیا ڈیپارٹمنٹ آف کریکشنز کی قیادت نے پنجاب کے اصلاحات پر مبنی اور ترقی پسند ماڈل کو سراہا۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ہدایت کی کہ امریکی تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز فوری طور پر تربیتی پریزنٹیشنز اور ماڈیولز تیار کریں اور حاصل کردہ تربیتی مواد دیگر افسران تک منتقل کرکے ان کی تربیت بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے امریکی تربیت یافتہ افسران کو دیگر اضلاع میں سپروائزری ذمہ داریاں سونپنے کی بھی ہدایت کی۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ امریکہ جانے والے افسران صرف ٹرینی نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر بھی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پروبیشن پر رہا ہونے والے افراد کی مؤثر نگرانی کے لیے موبائل ایپ متعارف کروائی جائے گی، جبکہ تربیتی دورے سے پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول کے آفنڈر مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ڈی جی پیرول اینڈ پروبیشن شاہد اقبال، چیف کوآرڈینیشن آفیسر غلام صغیر شاہد، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ اور ڈاکٹر علی مدیح ہاشمی موجود تھے، جبکہ آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور اے آئی جی جوڈیشل ڈاکٹر قدیر عالم نے آن لائن شرکت کی۔










