ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ننکانہ صاحب پہنچ گئی۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر بلال یاسین اور وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور گورودوارہ جنم استھان کا دورہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، کمشنر لاہور ڈویژن جہانزیب خان، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید اور ڈی پی او ارسلان زاہد سمیت انتظامی افسران، امن کمیٹی کے ارکان اور سکھ رہنما بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات 22 نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہیں گی، جن میں دنیا بھر سے 30 ہزار جبکہ بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔ یاتری ننکانہ صاحب، فاروق آباد، حسن ابدال، کرتارپور اور لاہور کا دورہ کریں گے۔


تقریبات کے دوران 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ نگرانی کے لیے 420 سی سی ٹی وی کیمرے نصب اور کنٹرول رومز فعال کر دیے گئے ہیں۔ گورودواروں میں ہسپتال اور سہولت مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں جبکہ رہائش، کھانے پینے، صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔
اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بھارت سے آنے والے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، سکیورٹی کے ساتھ ٹریفک پلان پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور گورودواروں میں سہولت کاؤنٹرز کی تعداد بڑھائی جائے۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کا ہر مذہب اور برادری احترام کرتی ہے، ننکانہ صاحب آنے کا مقصد سکھ قوم سے اظہار یکجہتی ہے۔ انہوں نے کھانے پینے کے وافر انتظامات اور سپلائی چین برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پاٹ کی رسم سے ہوگا جبکہ 22 نومبر کو گورودوارہ جنم استھان میں مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی اور نگر کیرتن کا جلوس بھی نکالا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ ڈیوٹی پر تعینات افسران اور اہلکار یاتریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری سکیورٹی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔











