لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور میں پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 15ویں بیج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، اس سلسلے میں افتتاحی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ انٹرن شپ پروگرام میں لاہور گیریژن یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لاہور کے طلبہ و طالبات شریک ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انٹرن شپ کے 15ویں بیج میں لاہور گیریژن یونیورسٹی کے 40، پنجاب یونیورسٹی کے 35 جبکہ یونیورسٹی آف لاہور کے 26 طلبہ و طالبات شامل ہیں۔ انٹرنز میں بی ایس کریمنالوجی اینڈ کریمنل جسٹس، ڈیجیٹل فرانزک اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں کوئی منشیات فروش نہیں کے دعو ئے، فورٹ عباس سے زہر کا بیوپاری کیسے گرفتار ہوا؟
ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیا نے طلبہ و طالبات کو انٹرن شپ پروگرام کے مختلف فیچرز اور تربیتی مراحل کے بارے میں آگاہ کیا۔ پروگرام کے تحت تمام طلبہ و طالبات کو 5 گروپس میں تقسیم کرکے 6 ہفتوں کے لیے مختلف فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق انٹرن شپ کے دوران طلبہ و طالبات کو فیلڈ پولیسنگ، انسداد جرائم اور پبلک سروس ڈلیوری سے متعلق مختلف پراجیکٹس کے بارے میں عملی آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، انویسٹی گیشن اور ٹریفک پنجاب کے مختلف شعبوں میں پولیسنگ امور سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔
انٹرن شپ مکمل ہونے پر طلبہ و طالبات پروگرام کے دوران حاصل کیے گئے تجربات اور مشاہدات پر مبنی پریزنٹیشن رپورٹس بھی پیش کریں گے۔ پنجاب پولیس کے مطابق پروگرام کا مقصد طلبہ کو پولیسنگ کے عملی نظام، جدید ٹیکنالوجی، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرنا ہے۔











