لاہور (پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر کا اہم اجلاس ہوا، جس میں دھی رانی، ہمت کارڈ، اسسٹیو ڈیوائسز اور وہیل چیئر پروگرامز کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست ویژن کے تحت دھی رانی پروگرام پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے رواں سال دھی رانی پروگرام کے تحت 5 ہزار اجتماعی شادیوں کے ہدف کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے درخواستوں کی شفاف تصدیق اور مستحق خاندانوں کا میرٹ پر انتخاب یقینی بنانے پر زور دیا۔
سہیل شوکت بٹ نے دھی رانی پروگرام کے مستحق خاندانوں کو کیش سلامی کے حصول میں سہولت فراہم کرنے اور پنجاب بینک کے ذریعے اے ٹی ایم کارڈز بروقت تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئندہ تقریبات کے انعقاد کے لیے مریم کو بتائیں موبائل ایپ پر موصول درخواستوں کی بنیاد پر شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار اپنانے کی ہدایت بھی کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حقیقی مستحق خاندانوں کو دھی رانی پروگرام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے۔
اجلاس میں 5 ہزار اجتماعی شادیوں کے لیے درخواستوں کی تصدیق، مستحقین کے انتخاب اور تقریبات کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ہمت کارڈ کے مستحق افراد کو درپیش مسائل کے حل، بجٹ اور پروگرام سے متعلق دیگر امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ہمت کارڈ کے مستحقین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اسسٹیو ڈیوائسز اور وہیل چیئر پروگرامز کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور مستحق افراد تک سہولیات بروقت پہنچانے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے ڈویژنل ڈائریکٹرز کو دھی رانی پروگرام کی آئندہ تقریبات کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاحی پروگرامز کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر بنانا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔










