لاہور(پنجاب پوسٹ)گیٹس فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے آفس آف اے آئی پنجاب کا دورہ کیا، جہاں مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور عوامی شعبے میں اے آئی کے عملی استعمال سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت گیٹس فاؤنڈیشن کی صدر جینڈر ایکویلٹی ڈویژن انیتا زیدی اور عبوری صدر گلوبل پالیسی اینڈ ایڈووکیسی ڈویژن کلپنا کوچر نے کی۔ ملاقات میں اے آئی کے شعبے میں موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور اسے دیرپا و نتیجہ خیز اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے کہا کہ آفس آف اے آئی پنجاب مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی شعبے کے مسائل کے عملی، مؤثر اور قابلِ توسیع حل تیار کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
علی ڈار کے مطابق زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں آوازِ صحت پائلٹ کے ذریعے اے آئی کا استعمال آفس آف اے آئی اور گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کی اہم مثال ہے۔ عالمی ادارے کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے اے آئی کے ذریعے پبلک سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اے آئی وژن 2029 کے تحت مصنوعی ذہانت کو عوامی خدمات کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ آفس آف اے آئی اور نیشنل اے آئی ہب کے درمیان ایم او یو مقامی ضروریات سے ہم آہنگ اے آئی حل کی تیاری میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
علی ڈار نے مزید کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری سے اے آئی، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدت اور مشترکہ اقدامات کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے مصنوعی ذہانت کو بہتر حکومتی خدمات کی فراہمی کا مؤثر ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔ملاقات کے موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سیکریٹری اے آئی احمد رجوانہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











