لاہور (پنجاب پوسٹ) جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق کارروائیوں کے دوران 13 روز میں 4021 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 3858 موٹر سائیکلیں، 125 کاریں اور 38 دیگر گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی گئیں۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائیوں میں کینٹ ڈویژن 1056 مقدمات کے ساتھ سرفہرست رہا۔ سٹی ڈویژن میں 902، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 624، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 604 اور صدر ڈویژن میں 541 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ سول لائنز ڈویژن میں 294 مقدمات کا اندراج ہوا۔
قانون کی خلاف ورزی پر گاڑیوں کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانوں میں بند کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹس گاڑیوں کی شناخت چھپانے اور جرائم میں استعمال ہونے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔

فیصل کامران نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو جعلی نمبر پلیٹس کی آڑ میں قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ گاڑیوں کی شناخت چھپانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں پر قانونی تقاضوں کے مطابق منظور شدہ نمبر پلیٹس لگوائیں اور قانون کی پابندی کریں۔














