لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے گاڑیوں کی چوری اور ان سے متعلق جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں عالمی سطح پر اعزاز حاصل کر لیا۔ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس نے سیف سٹی کے جدید سکیورٹی نظام اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ ماڈل کو سراہتے ہوئے ادارے کو سال 2026 کا خصوصی ایوارڈ دے دیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں منعقدہ عالمی پولیس کانفرنس میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد احسن یونس نے ایوارڈ وصول کیا۔ ادارے کو IACP Leadership in the Prevention of Vehicle Crimes Award 2026 گاڑیوں سے متعلق جرائم کی روک تھام میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر دیا گیا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سکیورٹی نظام میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل نگرانی پر مبنی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جس کا مقصد جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے اقدامات کو مؤثر بنانا ہے۔ اس عالمی اعزاز کے ذریعے پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے ماڈل کو بین الاقوامی سطح پر متعارف ہونے کا موقع ملا ہے۔
ایم ڈی سیف سٹی محمد احسن یونس کے مطابق یہ اعزاز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وژن کی اہم کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی معیار کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔
محمد احسن یونس نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے ساتھ جدید پولیسنگ کے شعبے میں پنجاب کی شناخت کو بھی نمایاں کرتی ہے۔













