لاہور (پنجاب پوسٹ) فرانسیسی کمپنیوں نے پاکستان کے بجلی ترسیلی نظام میں بہتری اور متعلقہ آلات کی تیاری کے لیے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پوئریئر نے وفد کے ہمراہ ایم ڈی نیشنل گرڈ انجینئر الطاف حسین ملک سے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان کے بجلی ترسیلی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، اس کی استعداد بہتر بنانے اور قابلِ تجدید توانائی کی شمولیت کے لیے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا بڑا فیصلہ، ہیٹ الاؤنس بڑھانے کے احکامات جاری
ایم ڈی نیشنل گرڈ انجینئر الطاف حسین ملک نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کی شمولیت کے لیے بجلی کے ترسیلی نظام کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ بیٹری اسٹوریج سسٹمز کو بھی تیز رفتار بنیادوں پر ترسیلی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

الطاف حسین ملک کا کہنا تھا کہ ملازمین کی حفاظت، فلاح و بہبود اور خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا نیشنل گرڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات میں فرانسیسی سفیر نے نیشنل گرڈ پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور طویل المدتی شراکت داری کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا۔














