لاہور (پنجاب پوسٹ) خواتین اور بچوں سے مبینہ جنسی زیادتی کے متعدد واقعات سامنے آ گئے۔ سبزہ زار، شیرا کوٹ، جوہر ٹاؤن، کاہنہ اور نشتر کالونی کے علاقوں میں خواتین اور کم عمر بچیوں سے متعلق واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے، پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق سبزہ زار کے علاقے میں علی حسنین نامی شخص پر اپنی سگی بہن کو مبینہ طور پر چار سال تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔ مقدمے کے مطابق ملزم مبینہ طور پر اپنی بہن کی شادی کے بعد بھی اسے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔
شیرا کوٹ میں بیوٹی پارلر پر کام کرنے والی شادی شدہ خاتون سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق وقاص نامی ملزم، جو خاتون کا مالک مکان بھی ہے، نے مبینہ طور پر اسے شوہر سے خلع لے کر شادی کرنے کا کہہ کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ خاتون چار بچوں کی ماں ہے۔
جوہر ٹاؤن میں قمر افتخار نامی شخص پر پیسے واپس کرنے کے بہانے ایک خاتون کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
کاہنہ میں شادی کا جھانسہ دے کر 22 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق گوجرانوالہ کے رہائشی شہروز نامی ملزم نے لڑکی سے تعلقات استوار کیے اور شادی کا جھانسہ دے کر اسے متعدد بار مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
نشتر کالونی میں علی اصغر نامی شخص پر طلاق یافتہ خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر متعدد بار مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون سات بچوں کی ماں ہے اور رکشہ چلا کر اپنا گزر بسر کرتی ہے۔
دوسری جانب کاہنہ کے علاقے میں آٹھ سالہ بچی کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں صہیب نامی ملزم کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔














