پہلوانوں کے شہر میں شہریوں کو کیا کھلایا جارہا تھا؟ ایک ماہ میں 18 فوڈ پوائنٹ بند، 581 کو 1 کروڑ 3 لاکھ 39 ہزار جرمانے عائد

گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے حکم پر گوجرانوالہ سٹی سمیت ضلع بھر میں ملاوٹ، جعلسازی اور ناقص خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے گزشتہ ماہ 4 ہزار 530 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی۔

کارروائیوں کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 18 فوڈ یونٹس بند کیے گئے جبکہ 4 مقدمات درج کیے گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 581 فوڈ بزنس آپریٹرز کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 3 لاکھ 39 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران 730 کلو ناقص گوشت، 915 لٹر غیر معیاری بیوریجز، 515 لٹر ملاوٹی دودھ اور 300 کلو ایکسپائر و ممنوعہ اشیاء تلف کی گئیں۔ اس کے علاوہ 500 لٹر سے زائد مختلف ناقص اشیاء موقع پر ہی ضائع کردی گئیں۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی خوراک کی کوالٹی جانچنے کے لیے 120 مختلف اشیائے خورونوش کے سیمپلز بھی حاصل کیے۔ کارروائیوں کے دوران 160 لٹر استعمال شدہ آئل، 150 کلو بیکری ویسٹ اور ایک لوڈر رکشہ بھی ضبط کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق علی الصبح مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے دودھ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جبکہ بعض فوڈ یونٹس کے سٹوریج ایریاز میں انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔ معائنے کے دوران کیڑے مکوڑوں اور کاکروچ کی موجودگی بھی سامنے آئی، جبکہ بعض مقامات پر کھلے اور ناقص اجزاء سے خوراک تیار کی جا رہی تھی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ملاوٹ کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں اور خوراک میں ملاوٹ و جعلسازی کا ہر راستہ بند کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد موجود جعلسازوں اور ناقص خوراک تیار یا فروخت کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے