لاہور (پنجاب پوسٹ) اینٹی کرپشن لاہور کی کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور سروسز ہسپتال کے جونیئر کلرک کو گرفتار کر لیا گیا۔
اینٹی کرپشن نے مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی اور پی ایس او ٹو ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اسلام پورہ محمد مشتاق کو گرفتار کیا۔
دوسری کارروائی میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور نے نرسنگ سیکشن سروسز ہسپتال لاہور کے جونیئر کلرک حافظ محمد بلال کو گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم بلال نے میٹرنٹی لیو کی منظوری کے لیے رشوت طلب کی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان سے موقع پر نشان زدہ نوٹ برآمد کیے گئے، جس کے بعد ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔










