لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کر رکھا ہے اور پنجاب کے تمام سرکاری محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ان کا مشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے اور کسی کو بھی نشانہ نہیں بنایا جا رہا بلکہ کارروائی شفاف انداز میں کی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب میں کرپشن کے خلاف جاری کارروائی کے دوران اب تک 54 افسران اور اہلکاروں کو معطل یا نوکریوں سے برخاست کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف محکمہ خوراک میںداور اہلکار گرفتار کیے گئے ہیں، جبکہ 6 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی بھی جاری ہے۔ ان کے مطابق وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ کے معاملے پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ کے ٹھیکے کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا ایک ناسور بن چکا ہے، جس کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا اور کسی کو بھی سیاسی یا ذاتی بنیادوں پر ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کرپشن کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کے ساتھ ہیں اور صوبے میں جاری کریک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد یقینی بنایا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز نے کبھی تنقید اور منفی پروپیگنڈے کی پرواہ نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور کرنے کے بجائے انہیں چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔










