مریم نواز کے کرپشن کیخلاف اقدامات، اب سرکاری ہسپتالوں کا سامان خریدتے وقت اینٹی کرپشن کا آفیسر نگرانی کرے گا

لاہور(پنجاب پوسٹ)حکومتِ پنجاب نے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ادویات، طبی آلات، طبی سازوسامان، سرجیکل سپلائیز اور دیگر اشیائے صرف کی خریداری کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور دیانت داری یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن (SHC&ME) نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب لاہور کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے اہم خریداری کے اقدامات میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ایک سینئر افسر کو بطور مبصر (Observer) نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔

محکمہ کے مطابق حکومت پنجاب سرکاری خریداری کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور دیانت داری کو ترجیح دے رہی ہے جبکہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ بالخصوص عوامی فنڈز کے استعمال سے متعلق اہم نوعیت کی خریداری میں ادارہ جاتی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اس وقت صوبے میں متعدد اہم خریداری کے اقدامات پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ ان میں ٹریشری کیئر ہسپتالوں کے لیے سرجیکل آلات کی خریداری کا سینٹرل فریم ورک کنٹریکٹ جبکہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں کے لیے ادویات، طبی آلات، طبی سازوسامان، سرجیکل سپلائیز اور ہسپتالوں میں استعمال ہونے والی مختلف اشیائے صرف کی خریداری شامل ہے۔

مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان خریداری کے اقدامات کے حجم، مالی اہمیت اور صوبہ بھر پر پڑنے والے اثرات کے پیش نظر احتیاطی ادارہ جاتی نگرانی کی ایک اضافی سطح متعارف کرانا ضروری ہے، تاکہ خریداری کے تمام مراحل شفاف، مسابقتی اور غیر جانب دار انداز میں مکمل ہوں۔

محکمہ نے درخواست کی ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ BS-18 یا اس سے اعلیٰ گریڈ کے کسی سینئر افسر کو مذکورہ خریداری کے عمل میں بطور مبصر نامزد کرے۔ مبصر کا کردار خریداری کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنانے میں معاون ہوگا کہ تمام مراحل متعلقہ قوانین، قواعد، پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PPRA) کے فریم ورک اور منظور شدہ طریقۂ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

مزید برآں، مراسلے میں تجویز دی گئی ہے کہ جہاں مناسب سمجھا جائے، مذکورہ افسر کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے دیگر اہم خریداری کے اقدامات میں بھی بطور مبصر نامزد کیا جا سکے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے