لاہور(پنجاب پوسٹ)چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خاتمے کے لیے لیسکو فیلڈ ٹیموں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ لیسکو سدرن سرکل میں ایس ای نجم الحسن کی زیرِ نگرانی بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
لیسکو کی اینٹی تھیفٹ ٹیموں نے ایکسین کوٹ لکھپت اور ایکسین گلبرگ کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے بجلی چوری کے دو بڑے کیسز پکڑ لیے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے، آپکی تحصیل میں کون سا اے سی آیا ہے؟ فہرست سامنے آگئی
سب ڈویژن چندرائے روڈ میں ایک پلاسٹک انڈسٹری کو سیکیورٹی بریچ کے ذریعے غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا، جس پر 64 ہزار 220 یونٹس کا ڈیٹیکشن بل عائد کیا گیا، جس کی مالیت 50 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ایس ڈی او چندرائے روڈ نے کارروائی کرتے ہوئے موقع سے پلاسٹک انڈسٹری کا بجلی میٹر اور ٹرانسفارمر بھی اتار لیا، جبکہ بجلی چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری کارروائی میں سب ڈویژن شاہ کمال کے علاقے میں ایک صارف کو ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ مذکورہ صارف پر 10 ہزار 583 یونٹس کا ڈیٹیکشن بل عائد کیا گیا، جس کی مالیت 7 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق دونوں صارفین کے خلاف بجلی چوری کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔












