ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ)تھانہ صدر سانگلہ ہل کی حدود میں 6 سال قبل ہونے والے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا۔ سی سی ڈی ننکانہ نے سائنٹیفک اور ٹیکنیکل طریقہ تفتیش کے ذریعے مقتول خان محمد کے قتل کا سراغ لگا لیا، مقتول کا حقیقی بھتیجا ہی قتل میں ملوث نکلا۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق نواحی گاؤں کوٹلہ کلاں، چک نمبر 43 کے رہائشی خان محمد کو 6 سال قبل 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ مقتول کے بیٹے عمران کی مدعیت میں تھانہ صدر سانگلہ ہل میں 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہورشہر میں شجرکاری، معروف سڑک پر۔ پیپل کی بجائے بانس کا جنگل کیوں اگایا جارہا ہے؟
ترجمان کے مطابق گزشتہ 6 سال کے دوران قتل کے ملزمان مقامی پولیس کی گرفت سے باہر رہے، تاہم سی سی ڈی ننکانہ نے جدید سائنٹیفک اور ٹیکنیکل طریقہ تفتیش سے کیس کو ٹریس کرلیا۔
تحقیقات کے دوران مقتول کا حقیقی بھتیجا سلیمان مظفر اپنے چچا خان محمد کے قتل میں ملوث نکلا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق سلیمان مظفر نے اپنے مخالفین کو قتل کے مقدمے میں ملوث کرنے کے لیے اپنے چچا کو قتل کروایا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ اسمبلی میں تقاریر، ناقابل قبول، سسٹم کو ری سیٹ کیا جائے، فواد چوہدری
سی سی ڈی ننکانہ نے کارروائی کرتے ہوئے سلیمان مظفر اور اس کے ساتھی اشرف عرف پاما کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جبکہ آپریشن کی نگرانی ریجنل آفیسر سی سی ڈی شیخوپورہ ریجن ڈاکٹر عبدالحنان، ڈی او سی سی ڈی ننکانہ رائے احسان الٰہی اور ایس ایچ او سی سی ڈی ننکانہ انسپکٹر تصور منیر نے کی۔










