مری پولیس کشمیر پولیس کے ساتھ ملکر کشمیر کے مختلف علاقوں میں چھاپے کیوں مار رہی ہے ؟

مری(پنجاب پوسٹ) مری میں دو نوجوان لڑکیوں کے مبینہ اغوا کے معاملے پر ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے بچیوں کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کو تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔

واقعے کے بعد پولیس کی خصوصی ٹیمیں مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ پتریاٹہ میں مقدمہ نمبر 169/26، بجرم 365-B، مورخہ 4 ستمبر 2026 درج کیا گیا ہے۔ ڈی پی او مری کی ہدایت پر ایس ڈی پی او مری اور ایس ایچ او تھانہ پتریاٹہ کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پولیس ٹیموں نے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ممکنہ ملزمان کے بارے میں بھی اہم معلومات اکٹھی کی گئیں، جن کی بنیاد پر مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔مری پولیس نے کشمیر پولیس کے تعاون سے آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر ریڈ اور کارروائیاں بھی کیں۔

پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک پولیس افسر کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔مری پولیس کی جانب سے حکومت آزاد کشمیر اور مقامی پولیس کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ ایم این اے اور ایم پی اے سے بھی رابطہ برقرار ہے تاکہ دونوں لڑکیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا سکیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور انہیں کارروائیوں اور پیش رفت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے کہا کہ دونوں بچیوں کی بحفاظت بازیابی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جب تک بچیاں بازیاب نہیں ہو جاتیں پولیس اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔

ڈی پی او مری نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری اور بچیوں کی بازیابی تک مختلف مقامات پر ریڈ، سرچ آپریشن اور دیگر قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیمیں مکمل پیشہ ورانہ انداز میں کام کر رہی ہیں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے