لاہور (پنجاب پوسٹ) نواب ٹاؤن کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پر دوست نے دوست کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتول عابد حسین اور ملزم محمود احمد دونوں اے سی مکینک کا کام کرتے تھے اور ایک ہی فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔ معمولی تلخ کلامی کے دوران ملزم محمود احمد نے عابد حسین پر چھریوں سے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع 15 کی کال پر ملتے ہی نواب ٹاؤن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمود احمد کو گرفتار کرلیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی PFSA کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کرلیا گیا، جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی۔
ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور حسبِ ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔










