لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر صوبے میں کرپشن کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مختلف محکموں میں کرپشن کے الزام میں مجموعی طور پر 54 افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں معطلی، ملازمت سے برطرفی، گرفتاری اور مقدمات کا اندراج شامل ہے۔ محکمہ خوراک میں بھی کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 48 افسران و اہلکاروں کو گرفت میں لے لیا گیا۔
محکمہ خوراک میں کرپشن کے خلاف بڑا ایکشن
بہاولپور میں 6 فوڈ گرین انسپکٹرز اور چوکیداروں کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ برطرف ہونے والوں میں فوڈ گرین انسپکٹرز ساجد محمود خان، محمد سلیم، عاصم علی، عبدالرشید، محمد اسحاق اور طارق رشید شامل ہیں۔
گوجرانوالہ میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز ابوبکر رضا اور بابر جاوید سمیت شفیق، انصار بٹر، محمد نثار، سینئر کلرک وقار احمد، ذوالفقار علی، محمد علی شاہین اور عاطف حسین کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
بہاولپور میں وسیم طلحہ، ہارون عبداللہ اور چوکیدار عمر حیات کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا گیا، جبکہ سرگودھا کے فوڈ گرین انسپکٹر ندیم شہزاد، ملتان کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر ہمایوں شوکت بھٹی اور چوکیدار رضاقت علی کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
مختلف اضلاع میں افسران و اہلکار کارروائی کی زد میں
ڈی جی خان میں فوڈ گرین انسپکٹر رانا عبدالستار، گجرات کے فوڈ گرین انسپکٹر حذیفہ یونس جبکہ فیصل آباد میں پی آر چوکیدار اللہ دتہ، عبدالغفار اور شہباز احمد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
محکمہ خوراک نے کرپشن کے الزام میں مزید 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ بہاولنگر کے محمد فیصل، اوکاڑہ کے محمد مسلم، نارووال کے عبدالمجید خان، رحیم یار خان کے محمد علی، ڈی جی خان کے خادم حسین اور میانوالی کے عبدالرحمان کو بھی کارروائی کا سامنا ہے۔
اسی طرح ساہیوال کے عمران بلوچ، ڈی جی خان کے رانا بن یامین، گجرات کے محمد خالد، اٹک کے رمضان سیال، چکوال کی سدرہ معراج، لیہ کے رانا ریاض، گوجرانوالہ کے علی عمران، بہاولنگر کے عدیل احمد اور میانوالی کے خادم فراز کے خلاف بھی تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن کے مختلف اضلاع میں چھاپے، گرفتاریاں
وہاڑی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے چھاپہ مار کر سیکرٹری یونین کونسل ریاض احمد کو گرفتار کرلیا اور مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔
شیخوپورہ میونسپل کارپوریشن کے سینئر کلرک محمد اشرف کو مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
فیصل آباد میں ٹریپ ریڈ کے ذریعے کمپیوٹر آپریٹر زین السلام اور سیکرٹری یونین کونسل محمد اسلم کو گرفتار کیا گیا۔
بہاولنگر میں غلام مرتضیٰ کو گرفتار کیا گیا، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں لوکل گورنمنٹ کے جونیئر کلرک مدثر اقبال کو اینٹی کرپشن نے مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔گوجرانوالہ میں پی ایچ اے کے فیلڈ آفیسر قمر زمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے بھی گرفتار کرلیا گیا۔
کرپشن فری پنجاب ہماری منزل ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف جاری مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ کرپشن فری پنجاب حکومت کی منزل ہے اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔











