لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹریفک پولیس نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ای بائیک اسکیم کے تحت طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے نئے سکوٹی ڈرائیونگ اسکولز اور لائسنس کاؤنٹرز قائم کردیئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پر خواتین، خصوصاً طلبہ و طالبات کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے مشن کے تحت پانچ سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر تمام لائسنس سینٹرز میں الگ سکوٹی کاؤنٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔ سکوٹی لائسنس کے حصول کے لیے طلبہ و طالبات کو صرف شناختی کارڈ ہمراہ لائسنس ٹیسٹنگ سینٹر آنا ہوگا۔
آبشار ڈرائیونگ اسکول، لبرٹی خدمت مرکز اور گریٹر اقبال پارک میں سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروزپور روڈ پر بھی سکوٹی اسکول قائم کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ایل او ایس فیروزپور روڈ پر صرف خواتین کو مفت سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ سکوٹی اسکولز میں خواتین کو وویمن ٹو وویمن سروس بھی فراہم کی جارہی ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے اب تک 15 ہزار 256 خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دی جاچکی ہے، جن میں 8 ہزار 220 خواتین نے کار ڈرائیونگ جبکہ 7 ہزار 290 خواتین نے موٹر سائیکل یا سکوٹی چلانے کی مفت تربیت حاصل کی۔
رواں سال بھی 1629 خواتین نے لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے تربیت حاصل کی ہے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے ہزاروں خواتین بااعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں، خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے کر انہیں خودمختار اور بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر بھر میں خواتین کے لیے سکوٹی ٹریننگ کے پانچ جبکہ گاڑی کی تربیت کے لیے 12 ڈرائیونگ اسکولز قائم کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق خواتین بااختیار ہوں گی تو معاشرے میں واضح تبدیلی آئے گی، جبکہ معاشرتی اور سماجی ترقی کے لیے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا کردار بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔











