لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور پولیس کی جانب سے شہر بھر میں قانون شکن عناصر کے خلاف اسنیپ چیکنگ اور انسدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں، جبکہ جمعۃ المبارک کے پیش نظر شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے اہم مساجد، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کے اطراف نگرانی اور چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک شہر بھر میں 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد گاڑیوں جبکہ 6 لاکھ 74 ہزار سے زائد موٹرسائیکلوں کی اسنیپ چیکنگ کی جا چکی ہے۔ کارروائیوں کا مقصد بغیر دستاویزات گاڑیاں چلانے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس اور دیگر قانون شکن سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیبز میں 67 ہزار سے زائد QR پینک بٹن نصب
پولیس کے مطابق بغیر کاغذات موٹرسائیکل چلانے والے 8,897 افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ اپلائیڈ فار نمبر پلیٹ والی 177 موٹرسائیکلیں جبکہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی 422 موٹرسائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کر دی گئیں۔
ترجمان کے مطابق عمومی انسدادی کارروائیوں کے دوران مزید 265 موٹرسائیکلیں بھی مختلف تھانوں میں بند کروائی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں قانون کی پابندی یقینی بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے چیکنگ اور انسدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں ڈی آئی جی کی کھلی کچہری ، شہریوں کی کن شکایات پر فوری انصاف کیا گیا؟
دوسری جانب جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور بھر میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ اہم مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات کے اطراف پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی اور اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔










