لاہور میں ڈی آئی جی کی کھلی کچہری ، شہریوں کی کن شکایات پر فوری انصاف کیا گیا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیرِ صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے امانت میں خیانت، نوکری کے نام پر فراڈ، تشدد، ہراسگی، خاندانی تنازعات، جعل سازی، دھوکہ دہی، چوری اور جائیداد سے متعلق مختلف شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کی شکایات کو تفصیل سے سنا اور متعلقہ افسران کو فوری طور پر قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

کھلی کچہری میں ایک شہری کی جانب سے 12 لاکھ روپے کی امانت میں خیانت جبکہ دوسرے شہری کی جانب سے 4 لاکھ روپے نوکری دلوانے کے نام پر فراڈ کی شکایت سامنے آئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کرنے اور متاثرہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

تشدد، ہراسگی اور خاندانی تنازعات سے متعلق شکایات پر بھی ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ اوز کو شکایات کی تصدیق کے بعد مقدمات درج کرنے، متاثرین کو تحفظ فراہم کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

جعل سازی، دھوکہ دہی اور چوری کی شکایات پر ڈی آئی جی آپریشنز نے متعلقہ پولیس افسران کو انکوائری مکمل کرکے میرٹ پر کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ اسی طرح پلاٹ کے تنازعات اور مالک مکان و کرایہ دار کے درمیان اختلافات سے متعلق درخواستوں پر فریقین کا مؤقف سن کر مسائل کو قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن اور میرٹ پر انصاف پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدمعاشی کلچر اور قانون شکنی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون سب کے لیے برابر ہے۔

فیصل کامران نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کو دھمکانے، ہراساں کرنے یا کسی بھی قسم کا دباؤ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ تمام شکایات پر شفاف انداز میں انکوائری کرکے متاثرہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے