لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور رائیڈ ہیلنگ سروسز کی گاڑیوں میں QR پینک بٹن لگانے کا عمل جاری ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق اب تک 67 ہزار 957 سے زائد رکشوں، آن لائن کیبز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں QR پینک بٹن آویزاں کیے جا چکے ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں QR پینک بٹن آویزاں کر رہی ہیں۔ پینک بٹن کی تنصیب کے لیے ہر ٹریفک سیکٹر میں ٹیم موجود ہے، جبکہ رکشوں کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو قانونی دھارے میں لانے اور عوامی تحفظ کے پیش نظر QR پینک بٹن کی تنصیب لازم قرار دی گئی ہے۔ مختلف رکشہ یونینز کے اصرار پر مزید 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات سے ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔











