لاہور(پنجاب پوسٹ) بسنت فیسٹیول کی انتظامی اور ثقافتی تیاریوں کے حوالے سے جیلانی پارک ہیڈکوارٹر میں اجلاس ہوا، جس کی صدارت منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے کی۔
اجلاس میں بسنت کے میگا ایونٹ کے لائحہ عمل اور انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر راؤ، ڈائریکٹر فنانس احمد سعید منج، ڈائریکٹر مارکیٹنگ نعیم افضل سمیت ڈائریکٹرز جاوید حامد، شاہ نواز وٹو، فروخ اخلاق اور دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں افسران کی جانب سے گزشتہ تہواروں کے انتظامات اور آئندہ بسنت فیسٹیول کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں لاہور کی مرکزی شاہراہوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرنے اور انہیں عالمی معیار کے مطابق جدید انداز میں سجانے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا۔
اس موقع پر ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بسنت کو ایک تاریخی تہوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
احمد عثمان جاوید نے کہا کہ بسنت فیسٹیول کو پنجاب کی ثقافت کا محفوظ، پرامن اور پرکشش چہرہ بنایا جائے گا، جبکہ ایونٹ کی انتظامی اور ثقافتی تیاریوں کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے گا۔











