لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے محفوظ بسنت 2027 کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کو باقاعدہ ضابطوں اور اجازت ناموں سے مشروط کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے روایتی حسن کو حفاظتی اصولوں کے تحت بحال کرنے کے لیے رجسٹریشن اور نگرانی کا مربوط نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی سی لاہور نے اپنے ایکس (X) پیغام میں بتایا کہ بسنت پورٹل 2027 کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ 5 ستمبر سے پتنگ سازی کے سامان کی تیاری کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگا۔ لاہور بھر میں پتنگ بازی سے متعلق سامان تیار کرنے والے افراد کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق صرف وہی افراد پتنگ بازی کا سامان تیار کر سکیں گے جنہیں باقاعدہ این او سی (NOC) جاری کیا گیا ہو۔ ضلعی انتظامیہ کی متعلقہ ٹیمیں منظور شدہ سامان کی تیاری کے عمل کی کڑی نگرانی کریں گی تاکہ حفاظتی ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی سی لاہور کے مطابق بسنت کے دوران صرف منظور شدہ سائز کی پتنگیں اور مقررہ حفاظتی معیار کے مطابق ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ ڈور کے لیے پنا اور سوتی ڈور کے استعمال کی اجازت دی جائے گی، جبکہ منظور شدہ معیار سے ہٹ کر سامان کی تیاری یا استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ لاہور میں محفوظ بسنت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ ان کے مطابق منظور شدہ سائز اور سوتی ڈور کا استعمال ہی بسنت کے تہوار کو محفوظ بنانے میں مدد دے گا۔
ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ انتظامیہ پتنگ بازی کے روایتی حسن کو حفاظتی ضابطوں کے ساتھ بحال کرے گی، تاکہ بسنت کی ثقافتی اور روایتی حیثیت برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:سیالکوٹ، سوشل سیکورٹی ہسپتال کی اپ گریڈیشن، 50 بستروں سے 100 بستر پر توسیع کردی گئی













