راولپنڈی(پنجاب پوسٹ)میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے غیرقانونی کال سینٹر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 28 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں 24 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، جبکہ کال سینٹر سے موبائل فونز اور کمپیوٹرز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق راولپنڈی میں کارروائی کے دوران ایسے غیرقانونی کال سینٹر کا سراغ ملا جسے غیر ملکی شہری چلا رہے تھے۔ کال سینٹر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بالخصوص ٹیلیگرام اور فیس بک پر خواتین کی جعلی پروفائلز بنائی جاتی تھیں اور ان جعلی شناختوں کے ذریعے شہریوں کو مختلف طریقوں سے اپنے جال میں پھنسایا جاتا تھا۔
حکام کے مطابق ملزمان جعلی خواتین پروفائلز کے ذریعے شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں مختلف نوعیت کے فراڈ کا نشانہ بناتے تھے۔ اس کے علاوہ ای کامرس اور سرمایہ کاری کی مختلف اسکیموں کا جھانسہ دے کر بھی شہریوں سے رقم بٹوری جاتی رہی۔این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران کال سینٹر سے بڑی تعداد میں موبائل فونز اور کمپیوٹرز قبضے میں لے لیے ہیں، جنہیں مزید تفتیش اور شواہد کے حصول کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد سے کال سینٹر کے طریقہ واردات، مالی لین دین اور دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق تفتیش جاری ہے۔این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے 28 افراد میں 24 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں، جبکہ کال سینٹر کے مبینہ مفرور ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ستوکتلہ: شوہر کا بیوی اور بچوں پر مبینہ تشدد، پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ این سی سی آئی اے نے غیرقانونی سائبر سرگرمیوں اور آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔










