کیا پاکستان میں چین کی طرح کرپشن ختم ہوگی؟ چین سے واپس آتے ہی مریم نواز کی کرپٹ سرکاری عہدیداران کیخلاف کارروائیوں کی ہدایات، مری سے آغاز

مری (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے چین کے دورے سے واپسی کے بعد کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی ہدایات کے بعد مری پولیس میں داخلی احتساب کا بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا۔ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، ناقص تفتیش اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط پر متعدد پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے مری پولیس میں داخلی احتساب کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وردی کسی کو قانون سے بالاتر ہونے کا حق نہیں دیتی۔ محکمہ پولیس میں کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، ناقص تفتیش اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کی براہِ راست نگرانی میں محکمہ پولیس کے اندر خود احتسابی اور داخلی نگرانی کا مؤثر نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ مری پولیس کے مطابق کرپشن اور جرائم پیشہ عناصر سے روابط ثابت ہونے پر 6 کانسٹیبلان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی سزائیں دی گئی ہیں۔

مری پولیس کے مطابق انچارج چوکی لہتراڑ سب انسپکٹر طاہر شاہ کو کرپشن کے الزامات پر معطل کرکے چارج شیٹ جاری کر دی گئی، جبکہ اے ایس آئی شہزاد ظفر کو جرائم پیشہ عناصر سے روابط کی شکایات پر معطل کرکے محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اسی طرح سب انسپکٹر طفیل کو ناقص تفتیش اور فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا ہے۔

ڈی پی او مری نے واضح کیا ہے کہ پولیس اہلکار کی کارکردگی، رینک یا عہدہ احتساب کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔ کرپشن کے خلاف کارروائی عہدے اور رینک سے بالاتر ہو کر بلاامتیاز جاری رکھی جائے گی۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کا کہنا ہے کہ اچھی کارکردگی، دیانت داری اور عوام دوست رویے پر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال، جانبداری، ناقص تفتیش یا جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام سے قانون کی پاسداری اور احتساب کا تقاضا کرنے والی پولیس سب سے پہلے اپنے اہلکاروں کا احتساب یقینی بنائے گی۔ ہر پولیس اہلکار اپنے عمل کا جوابدہ ہے اور شہریوں کو میرٹ، قانون اور انصاف کے مطابق ریلیف فراہم کرنا مری پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کی جانب سے داخلی احتساب کے اس عمل کو محکمہ پولیس میں نظم و ضبط، شفافیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مری پولیس کے سربراہ نے واضح کر دیا ہے کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی محض اعلان نہیں بلکہ اس پر عملی طور پر عملدرآمد بھی کیا جا رہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے