پنجاب میں لائیو اسٹاک کا نظام، دنیا بھر کے پالتو جانور پنجاب میں کیسے بڑھ رہے ہیں؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ لائیو سٹاک کے ترقیاتی بجٹ میں 170 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک وقت میں لائیو سٹاک ایسا محکمہ تھا جسے صرف پارکنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، تاہم آج وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک ترقی کی جانب گامزن ہے۔

سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ چھوٹے کسانوں کے لیے اہم اقدام ہے، جس کے تحت کسان کو حکومت کی جانب سے فی جانور 27 ہزار روپے تک قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے دنیا بھر کے ممالک پاکستان سے رابطہ کر رہے ہیں تاکہ ان کی گوشت کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو سال کے دوران 8 لاکھ سیمنز 1700 روپے کی قیمت پر فراہم کیے گئے، جبکہ پنجاب میں دنیا بھر کی معروف نسلوں کے جانور بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جانوروں کے لیے 8 کمپارٹمنٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ رواں سال مزید 7 کمپارٹمنٹس قائم کیے جائیں گے۔ جانوروں کی جیو ٹیگنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔

سید عاشق حسین کرمانی کے مطابق پنجاب ہر سال 12 لاکھ ویکسین تیار کرتا ہے، جو پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کو بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جانوروں کے علاج کے لیے انہیں ہسپتال لے جانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ حکومت کی جانب سے موبائل ویٹرنری ہسپتالز فراہم کیے گئے ہیں۔ ایم وی ڈیز میں الٹراساؤنڈ، ایکسرے اور خون کے ٹیسٹ سمیت مختلف طبی سہولیات دستیاب ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں جانوروں کے لیے آپریشن تھیٹر اور الٹراساؤنڈ مشین کی سہولت موجود ہے۔ جانوروں کو بروقت اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے میں 7 ہزار موٹر سائیکلیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید بنانے، کسانوں کی آمدن میں اضافے اور دودھ و گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے