پاکستان کی ترقی و امن کے لیے سب نے کردار ادا کرنا ہے، خواجہ سلمان رفیق

لاہور(پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ امن کے لیے علماء کرام، افسران، سیاست دانوں اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

خواجہ سلمان رفیق نے یہ بات سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ انتہا پسندی کے زیر اہتمام سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، چیف کوارڈینیشن آفیسر غلام صغیر شاہد، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارہ، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عبدالرؤف، ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، سہیل رضا سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

سیمینار میں اراکین پنجاب اسمبلی ذکیہ شاہ نواز، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، عظمیٰ کاردار، سابق رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل اور دیگر اراکین بھی شریک ہوئے۔ سینئر صحافی مجیب الرحمٰن اور سلمان غنی، علامہ شفیق پسروری، مفتی رمضان سیالوی، وائس چانسلرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ انتہا پسندی کو شاباش دیتے ہیں۔ ہم سب نے تکمیلِ پاکستان کے لیے کام کرنا ہے، اس پاکستان کے لیے ہمارے بڑوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و تکریم سے نوازا ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں سے پاکستان کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ انتہا پسندی معاشرے میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ پنجاب میں امن و امان کی بہتر صورتحال کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ حکومت پنجاب نے کچے کے علاقے میں امن بحال کرکے 22 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہمیں آج بھی اے پی ایس کا سانحہ یاد ہے، اس لیے معاشرے سے انتہا پسندی کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المذاہب کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انسداد دہشتگردی عدالت، ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کی درخواست ضمانت، سماعت 14 ستمبر تک کیوں ملتوی کی گئی

انہوں نے مزید کہا کہ 70 ہزار مساجد کی رجسٹریشن کا کریڈٹ محکمہ داخلہ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو جاتا ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی و امن کے لیے سب نے مل کر کوشش کرنی ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ صوبہ بھر کی طرح کچے کے علاقے میں بھی بہترین حکمت عملی کے ذریعے امن قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی بارڈرز سے ملحقہ اضلاع میں جوائنٹ چیک پوسٹس کے ذریعے نگرانی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ حکومت پنجاب تمام طبقات، خصوصاً کسانوں، اقلیتوں اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حکومت پنجاب 70 ہزار امام مسجد صاحبان کو باعزت طریقے سے اعزازیہ پہنچا رہی ہے۔ سینٹر آف ایکسیلینس برائے انسدادِ انتہاپسندی میں ہم سب مل کر اپنے وطن کے روشن مستقبل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے