یونیورسٹی آف کمالیہ میں جدید لیبز کا افتتاح، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی بھرپور ستائش

کمالیہ: ( پنجاب پوسٹ )سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب غلام فرید نے یونیورسٹی آف کمالیہ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی اور جدید کمپیوٹر لیب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کی مختصر عرصے میں ہونے والی نمایاں ترقی، جدید تعلیمی سہولیات کے قیام اور معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھرپور سراہا۔

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے یونیورسٹی کے بنیادی اصولوں، یعنی معیاری تعلیم، عملی مہارتوں کے فروغ، مستقبل اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ گریجویٹس کی تیاری اور مقامی مسائل کے عملی حل پر مبنی تحقیق کو خصوصاً قابلِ تحسین قرار دیا۔

دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، جدید تدریسی نظام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، طلبہ کی فلاح و بہبود اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں : یو ایم ٹی کا 29واں کانووکیشن، 4 ہزار 363 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم، ابراہیم مراد کی حکومت پنجاب کو طلبہ کے لیے 24 گھنٹے مفت اے آئی ٹیوشن کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش

سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے مختلف کلاس رومز اور تدریسی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کے تعلیمی تجربات، مستقبل کے عزائم اور پیشہ ورانہ اہداف کے بارے میں دریافت کیا۔

اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے غلام فرید نے کہا کہ موجودہ دور میں اعلیٰ تعلیم کا معیار محض ڈگریوں یا روایتی تدریسی سرگرمیوں سے نہیں بلکہ طلبہ کی علمی قابلیت، عملی مہارتوں، تخلیقی سوچ اور پیشہ ورانہ استعداد سے متعین ہوتا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف کمالیہ کی اس حکمتِ عملی کو سراہا جس میں تعلیم کو صنعت، کاروبار اور معاشرتی ضروریات سے منسلک کرنے کے ساتھ تحقیق کو مقامی مسائل کے قابلِ عمل حل کی طرف مرکوز کیا جا رہا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف کمالیہ کا بنیادی مقصد علاقے کے نوجوانوں، بالخصوص محدود وسائل رکھنے والے طلبہ و طالبات، کو معیاری، جدید اور عملی تقاضوں سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ویژن یونیورسٹی آف کمالیہ کو تعلیم، تحقیق، جدت اور انٹرپرینیورشپ کا ایسا مثالی مرکز بنانا ہے جہاں طلبہ محض ڈگریاں حاصل نہ کریں بلکہ علم، مہارت، کردار اور خوداعتمادی کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے