لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کرپشن کی نشاندہی اور شکایات کی نگرانی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کردیا گیا ہے، جبکہ سیل کی رپورٹ براہ راست وزیراعلیٰ کو پیش کی جارہی ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں میں گرفتاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔
عوام کی شکایات کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے ہیلپ لائن 1350 قائم کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت طلب کی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے، عوام فوری اطلاع دیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی۔ کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہے، جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھے گا وہ ہاتھ روکا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لانے اور ہر منصوبے کے معیار اور اخراجات کے آزادانہ جائزے کو لازمی قرار دیا ہے۔ کرپشن کی شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کیے گئے ہیں، ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے سی ایم میرٹ بیج ہے، جبکہ کرپشن کرنے والا قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔ عوام کا پیسہ خوردبرد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا اور عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔ عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور اس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔










