سرگودھا (پنجاب پوسٹ) پولیس کی موثر تفتیش اور مؤثر پیروی مقدمہ کے نتیجے میں معزز عدالتوں نے ایک ہی دن میں قتل کے 3 اور منشیات کے 2 مقدمات کے فیصلے سنا دیے، جن میں سنگین جرائم میں ملوث 5 مجرمان کو سزائیں سنائی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق قتل کے مقدمات میں ملوث 2 مجرمان کو سزائے موت جبکہ ایک مجرم کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ اسی طرح منشیات فروشی کے مقدمات میں 2 مجرمان کو بالترتیب 9 سال اور 7 سال قیدِ بامشقت کا حکم دیا گیا۔
ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں اور مقدمات کی مؤثر پیروی کے ذریعے متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔









