نیا شناختی کارڈ۔، نئی بیوی، نئے بچے، نیا ضلع، پنجاب پولیس نے 27 سال سے مفرور قتل کا ملزم گجرات سے کیسے ڈھونڈ نکالا؟

سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ)تھانہ سبز پیر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 27 سال سے قتل کے مقدمے میں مفرور اشتہاری ملزم مقصود احمد کو جدید ٹیکنالوجی، لوکیٹر سسٹم اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ضلع گجرات سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم 1999ء میں معمولی رنجش پر ایک شہری کو قتل کرنے کے بعد اپنی شناخت اور کوائف تبدیل کرکے مختلف شہروں میں روپوش رہا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم مقصود احمد نے سال 1999ء میں گاؤں بینی برہمناں میں معمولی رنجش پر محمد صادق کو قتل کیا تھا۔ واقعے کے بعد تھانہ سبز پیر میں قتل کا مقدمہ نمبر 266/99 بجرم 302 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا، تاہم ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش رہا۔

پولیس کے مطابق اشتہاری ملزم نے واردات کے بعد اپنی شناخت اور کوائف تبدیل کیے اور مختلف شہروں میں چھپتا رہا۔ ملزم تبدیل شدہ شناختی دستاویزات کے ساتھ ضلع گجرات میں رہائش پذیر تھا جہاں اس نے تیسری شادی بھی کی ہوئی تھی۔ پولیس ٹیم نے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، لوکیٹر سسٹم اور خفیہ معلومات کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او سبز پیر اور پولیس ٹیم کو خصوصی ٹاسک دیا تھا، جس پر ٹیم نے مسلسل کوششوں اور جدید تفتیشی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے 27 سال سے مطلوب ملزم کو قانون کی گرفت میں لے لیا۔

ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرم کتنا ہی پرانا اور مجرم کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انہیں سزا دلوانا پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اسے قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے