لاہور (پنجاب پوسٹ) لٹن روڈ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور فوری حکمت عملی کی مدد سے خاتون سے گن پوائنٹ پر ڈکیتی کرنے والے دو رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے چند روز قبل لٹن روڈ کے علاقے میں ایک خاتون کو اسلحے کے زور پر لوٹا تھا۔ واردات کے دوران ملزمان خاتون کا پرس، سونے کی انگوٹھی اور بالیاں چھین کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے پرس میں 67 ہزار روپے نقدی اور تقریباً 7 لاکھ روپے مالیت کے زیورات موجود تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پرس، نقدی اور چھینا گیا سونا برآمد کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹرسائیکل اور غیر قانونی پستول بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے ملزمان علی حیدر اور عمران کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس پی منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور فوری حکمت عملی کے ذریعے اسٹریٹ کرمنلز کا گھیراؤ مزید سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی










