لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ادارے کی ری سٹرکچرنگ کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹرز کے لیے نئی عمارت کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ڈی جی پی آر سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں میڈیا کو واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی، جبکہ ڈی جی پی آر کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا نظام متعارف کرانے پر زور دیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام تک بروقت اور درست اطلاعات کی رسائی یقینی بنانے کے لیے ڈی جی پی آر کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونیکیشن اب آرٹ سے بڑھ کر سائنس بن چکی ہے، جسے سمجھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران مستعفی، استعفیٰ کیوں دیا؟ اہم وجہ سامنے آگئی
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ڈی جی پی آر کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتی ہے اور موجودہ دور اطلاعات کی فراوانی کا دور ہے، جس میں موثر اور بروقت ابلاغ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات سے مسلسل آگاہ رکھا جائے تاکہ وہ سچ اور جھوٹ میں بہتر طور پر تمیز کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک درست معلومات کی فراہمی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمیونیکیشن کے شعبے میں قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔
اجلاس میں ڈی جی پی آر کی تنظیم نو، جدید ابلاغی تقاضوں، میڈیا واجبات اور ادارے کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔











