لاہور(پنجاب پوسٹ)پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کے احتجاج اور ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان آج اہم مذاکرات ہوں گے۔ ذرائع جماعت اسلامی کے مطابق مذاکرات کی یہ نشست لاہور میں واقع منصورہ میں ظہر کے بعد منعقد ہوگی، جس میں جماعت اسلامی اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے گی۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی سربراہی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کریں گے، جبکہ کمیٹی میں ڈپٹی سیکریٹری فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر لاہور ضیاء الدین انصاری اور نوید علی بیگ شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ میں مال روڈ سے جماعت اسلامی کا دھرنا ختم کرانے کیلئے درخواست دائر
حکومت کی جانب سے مذاکراتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور بلال کیانی شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد کے ہمراہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود ہوں گے جو مذاکرات کے دوران متعلقہ معاملات اور حکومتی مؤقف پر بریفنگ دیں گے۔
مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی سمیت جماعت اسلامی کے احتجاجی مطالبات اور ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے معاملے پر بات چیت متوقع ہے۔ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کو احتجاجی صورتحال کے حل کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کا احتجاج، 17 روز بعد حکومت کا رابطہ، مزید 24 گھنٹے مانگ لئے













