لاہور(پنجاب پوسٹ) وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کرکے مذاکرات کی پیشکش کردی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے ایک اہم وزیر نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزرا نے جماعت اسلامی کے ساتھ بات چیت کے لیے دھرنے کے مقام پر یا کسی بھی مناسب جگہ آنے کا عندیہ دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے لاہور، کراچی، اسلام آباد یا کسی بھی دوسرے مقام کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنانے کی پیشکش بھی کی ہے، جو جماعت اسلامی کی قیادت سے براہِ راست بات چیت کرے گی۔
جماعت اسلامی کی جانب سے حکومتی پیشکش پر جواب دینے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت مانگ لیا گیا ہے۔ حکومتی رابطے کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت مشاورت کے بعد مذاکرات کے حوالے سے اپنا مؤقف سامنے لائے گی۔














