پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز، سبز ہلالی پرچم سلامت رہے، حرم امام علی نجف اشرف کے وفد کی پرچم کشائی تقریب میں شرکت

لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے ادارہ منہاج الحسین جوہر ٹاؤن میں حضرت امام علی علیہ السلام، نجف اشرف کے حرم مبارک کے پرچم کی تقریبِ پرچم کشائی میں شرکت کی۔

تقریب میں سیکرٹری محکمہ اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، چیئرمین متحدہ علماء بورڈ مفتی انتخاب احمد نوری، پیٹرن انچیف ادارہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، سید کاظم رضا نقوی سمیت علماء کرام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ حرم امام علی علیہ السلام نجف اشرف کے وفد نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ربیع الاول اللہ تعالیٰ کے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ، خیرالبشر، محسنِ انسانیت اور وجۂ تخلیقِ کائنات کی ولادتِ باسعادت کا مقدس مہینہ ہے۔ اسی بابرکت مہینے میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی بھی ولادت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس پاک اور پُرنور تقریبِ پرچم کشائی میں شرکت ان کے لیے باعثِ صد افتخار ہے اور حرم امام علی علیہ السلام نجف اشرف کے وفد کو پاکستان کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المذاہب پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انتہائی خوبصورت شخصیت کے مالک ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عراق کی پاک سرزمین کا تعلق حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ سے ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ربیع الاول کے وسیلے اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت کے صدقے اللہ تعالیٰ پاکستان، فلسطین، ایران اور عراق کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔

حرم امام علی علیہ السلام نجف اشرف کے وفد نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور حکومت پنجاب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سرپرست اعلیٰ ادارہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ یہی پرچم حضرت امام علی علیہ السلام نجف اشرف کے حرم مبارک میں لہراتا رہا ہے، جسے آج عظیم سعادت کے ساتھ لاہور میں لہرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے تقریب میں شرکت پر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور دیگر رفقاء کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اتحاد بین المسلمین کے لیے کاوشوں کو سراہا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے