پنجاب میں دھی رانی پروگرام کا آغاز، 5 ہزار بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا آغاز کب سے ہورہا ہے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے دھی رانی پروگرام کے تحت رواں مالی سال 5 ہزار مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروائی جائیں گی، جن کا سلسلہ اکتوبر سے شروع ہوگا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے اعلیٰ افسران اور تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر نے دھی رانی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر پلاننگ نے پروگرام کے پس منظر، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد دھی رانی پروگرام کا آغاز کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بچیوں کی باعزت اور باوقار شادیوں کو یقینی بنانا ہے۔

بریفنگ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پروگرام کے تحت 3 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروائی گئیں، جبکہ مالی سال 2025-26 میں 5 ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروائی گئیں۔ رواں مالی سال بھی 5 ہزار مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ’مریم کو بتائیں‘ ایپ کے ذریعے بھی دھی رانی پروگرام میں شمولیت کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ موصولہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد اہل قرار پانے والی بچیوں کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ دھی رانی پروگرام کے تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور مستحق خاندانوں تک پروگرام کے ثمرات پہنچانے کے لیے انتخاب و تصدیق کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو پروگرام کے تمام پہلوؤں کو مزید بہتر بنانے اور جاری اقدامات تیز کرکے پروگرام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے