لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور شہر میں ٹریفک پولیس کی گنگا الٹی بہنے لگی ، وارڈن کی غلطی سے جان کی بازی ہار جانے والے شہری کو انصاف دینے کی بجائے پولیس نے شہری کیخلاف ہی مقدمہ درج کردیا اور مرنے والے شہری کیخلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ شادمان میں سینئیر ٹریفک وارڈن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جس وارڈن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ، وہ بھی اس وقت ڈیوٹی پر موجود تھا اور ویڈیو میں زخمی نوجوان اور وارڈن کو ریسکیو کرتے ہوئے اسے دیکھا بھی جاسکتا ہے۔
وارڈن نے اپنی ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا کہ وہ شادمان مارکیٹ میں شادمان یو ٹرن کیطرف موجود تھے کہ ایک موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی سے بغیر ہیلمٹ آتا دکھائی دیا ۔ جس کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سوار نہیں رک سکا اور یوں وہ ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرا گیا جس سے وہ اور موٹر سائیکل سوار دونوں زخمی ہو کر سڑک پر گر گئے۔
یہ بھی پڑھیں : چالان یا جان، لاہور کے علاقے شادمان میں وارڈن کی ایک غلطی نے شہری کی جان لے لی، سی سی ٹی وی میں حقائق سامنے آگئے
ایف آئی آر کے متن کے مطابق موٹرسائیکل سوارلاہور کی تحصیل ساندہ کا رہائشی ہے . دونوں زخمیوں کو سرکاری گاڑی پر سروسز ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا۔ مقدمے میں بتایا گیا کہ حادثہ موٹر سائیکل سوار کی غفلت، انتہائی تیز رفتاری اور لا پرواہی کی وجہ سے پیش آیا لہذا استدعا ہے کہ موٹرسائیکل سوار کے خلاف حسن ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا پور، چالان کا سرکاری ٹارگٹ یا ہدف پورا کرنے کا دباؤ ، اہلکار کی ایک غلطی سے موٹر سائیکل سوار ہسپتال پہنچ گیا
واضح رہے کہ شادمان کے علاقے میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا موٹرسائیکل سوار زین پانچ روز تک سروسز اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد جاں بحق ہوگیا۔واقعہ 26 اگست کو شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے شادمان مارکیٹ یوٹرن پر پیش آیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں 9 اگست کو ایسا ہی واقعہ لودھراں کی تحصیل دنیا پور میں بھی پیش آیا تھا ، جہاں ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت کے باعث موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق وارڈن نے چلتی موٹر سائیکل کے پیچھے سے مبینہ طور پر ٹانگ ماری، جس سے سوار بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے جا ٹکرایا۔ واقعے کے بعد شہریوں نے مبینہ طور پر وارڈن کو پکڑ لیا۔
تحقیقات کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم وہ نہ رکا، جس پر اہلکار نے اس کا تعاقب کیا۔













