لاہور (پنجاب پوسٹ) پرائیویٹ گاڑی پر غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈیفنس فیز فائیو میں ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو تحویل میں لے لیا، جبکہ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واقعے کا نوٹس لیا۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی ایس پی محمد اشفاق کی نگرانی میں غیر قانونی پولیس فلیشر لائٹس اور گرین نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کار سوار سے گاڑی پر پولیس فلیشر لائٹس اور گرین نمبر پلیٹس لگانے کی وجہ پوچھی گئی تو اس نے خود کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا بھائی بتایا اور مبینہ طور پر رعب جھاڑنے کی کوشش کی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے نوٹس پر کار ڈرائیور کو گاڑی سمیت تھانے منتقل کیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکہ دینے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ نجی اور غیر مجاز گاڑیوں پر غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے کی ہرگز اجازت نہیں۔ نمبر پلیٹ پر چھپائی، ردوبدل یا شناخت چھپانے کی صورت میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر اب صرف چالان نہیں بلکہ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ ریش ڈرائیونگ اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق تیز رفتاری، خطرناک زگ زیگ ڈرائیونگ، ڈرفٹنگ، ہلڑ بازی اور انتہائی غفلت و لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان کے بجائے مقدمات درج ہوں گے۔












