لاہور (پنجاب پوسٹ) ٹیسٹ کرکٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ مکمل ہونے پر آسٹریلیا میں خصوصی تقریبات کی تیاریاں جاری ہیں، جس سلسلے میں پاکستان کے تین سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے تینوں سابق کپتانوں کو آئندہ برس ہونے والی تاریخی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان خصوصی ٹیسٹ میچ بھی کھیلا جائے گا۔ یہ تاریخی مقابلہ 11 سے 15 مارچ تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے، جہاں دونوں ٹیمیں کرکٹ کی طویل اور تاریخی روایت کی یادگار تقریب کا حصہ بنیں گی۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے اس تاریخی موقع پر دنیا کے مختلف ممالک کے سابق کپتانوں اور نامور کرکٹرز کو بھی مدعو کیا ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے سابق کھلاڑیوں، کپتانوں اور سینئر کرکٹرز کی شرکت بھی متوقع ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا اس موقع پر مختلف تقریبات منعقد کرنے کے ساتھ خصوصی طور پر تیار کردہ یادگاری سووینئرز بھی پیش کرے گا، تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ اور اس کھیل سے وابستہ نمایاں شخصیات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔











