وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شفافیت پر مبنی ویژن کے تحت صوبے میں تعلیمی و امتحانی اصلاحات کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے لاہور تعلیمی بورڈ کا دورہ کیا، جہاں امتحانی نظام کو جدید، شفاف اور پیپر لیس بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور چیئرمین ٹاسک فورس کمیٹی برائے ایجوکیشن بورڈز مزمل محمود کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کیے جانے والے اس دورے کے دوران وفد نے لاہور بورڈ کے امتحانی نظام، جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر، آن لائن اور فزیکل رول نمبر سلپس کے اجرا اور مارکنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
وفد میں سینئر افسران محمد اعجاز اکبر، محمد نعیم، سید قاسم مقدس کاظمی، عطا اللہ، سرفراز احمد شاہ، محمود اور راجہ نعیم سدھر علی شامل تھے۔ چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین نے کنٹرولر امتحانات اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا اور بورڈ کے مختلف شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران پی پی ایس سی کے اعلیٰ سطحی وفد نے امتحانی عمل کے مختلف مراحل کا عملی مشاہدہ کیا اور بورڈ کی جانب سے متعارف کرائی گئی جدید اصلاحات اور شفافیت کے اقدامات کو سراہا۔
امتحانی نظام کی بہتری کے لیے تعلیمی مراکز میں حاضری کو جدید اور شفاف بنانے کی غرض سے ڈیجیٹل اٹینڈنس سسٹم متعارف کرانے کا طریقہ کار بھی پیش کیا گیا، جبکہ امتحانی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ای شیٹس (E-Sheets) کے استعمال اور ان کے فوائد سے آگاہ کیا گیا۔
چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق امتحانی نظام کو مکمل طور پر شفاف بنایا جا رہا ہے۔ پیپر لیس نظام کا نفاذ اور امیدواروں کے لیے سہولتیں فراہم کرنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے تاکہ طلبہ کو میرٹ کے مطابق ان کا حق مل سکے۔
ترجمان لاہور بورڈ طاہر جاوید کے مطابق تعلیمی و امتحانی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور شفافیت کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں۔













