لاہور (پنجاب پوسٹ) فیکٹری ایریا میں پانچ ملزمان کی جانب سے شہری کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنانے اور 60 ہزار روپے تاوان وصول کرنے کا واقعہ سامنے آگیا۔ پولیس نے متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
ایف آئی آر کے مطابق فیکٹری ایریا کا رہائشی عبداللہ یاسین سنوکر کلب میں بیٹھا ہوا تھا کہ افضل چوہان عرف لالی نے اسے موٹرسائیکل پر ملت روڈ چھوڑنے کا کہا۔ عبداللہ یاسین اسے موٹرسائیکل پر بٹھا کر روانہ ہوا تو راستے میں افضل چوہان نے اسلحہ نکال کر اسے دھمکایا اور ایک گھر لے گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق گھر میں ملزم کے ساتھی حمزہ علی، علی اور دو نامعلوم افراد بھی موجود تھے، جنہوں نے عبداللہ یاسین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور رقم کا مطالبہ کیا۔ مغوی نے اپنی والدہ کو فون کرکے 60 ہزار روپے منگوائے، جو ملزمان نے وصول کرلیے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے رقم وصول کرنے کے بعد عبداللہ یاسین کی ویڈیو بھی بنائی، جس میں اسے ایک بیان دینے پر مجبور کیا گیا۔ بعد ازاں ملزمان نے اسے رہا کردیا۔
پولیس نے تھانہ فیکٹری ایریا میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔













