گوجرانوالہ(پنجاب پوسٹ) کے علاقے لدھیوالہ وڑائچ میں سوشل میڈیا فالوورز کی کمی بیشی پر دو ٹک ٹاکر بہنوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا افسوسناک واقعے میں تبدیل ہوگیا، جہاں مبینہ طور پر 18 سالہ بڑی بہن نے چھوٹی بہن پر چھری سے پے در پے وار کیے، جس کے نتیجے میں 16 سالہ لڑکی شدید زخمی ہو کر دم توڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق 18 سالہ بڑی بہن کو رنج تھا کہ اس کے ٹک ٹاک فالوورز کم ہیں جبکہ اس کی 16 سالہ چھوٹی بہن کے فالوورز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اسی معاملے پر دونوں بہنوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں:عبداللہ طاہر قتل کیس، مقدمہ میں نامزد ہونے والے 3 ملزمان کون ہیں؟
بتایا گیا ہے کہ دونوں بہنوں نے ایک دوسرے کو گالیاں دیں اور معاملہ مبینہ طور پر دھمکیوں تک جا پہنچا۔ غصے میں آکر بڑی بہن نے کچن سے چھری اٹھائی اور چھوٹی بہن پر پے در پے وار کردیئے، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔
شور مچنے پر گھر والوں اور اہلِ محلہ نے فوری طور پر پولیس ایمرجنسی 15 اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ زخمی لڑکی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔
تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے مقتولہ کی بڑی بہن کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔












