میں جس ضلع سے آیا ہوں، وہاں ڈائیلسسز نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مر جاتے ہیں، گورنر پنجاب، عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے ضلع کیلئے کیا کیا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پنجاب کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، انسانیت کی خدمت اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم سب نے مل کر اسے بہتر بنانا ہے۔ پاکستان کی یوتھ ملک سے محبت کرتی ہے اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے، تاہم انہیں درست سمت دکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں کی جانب مائل کرتے ہیں، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں صحیح راہ دکھائیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب ریڈ کریسنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ٹیم بہت اچھا کام کر رہی ہے اور بحیثیت صدر ریڈ کریسنٹ انہیں اس پر فخر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جس ضلع سے وہ تعلق رکھتے ہیں وہاں ماضی میں ڈائیلسز کی سہولت نہ ہونے کے باعث لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے، تاہم اب 120 ڈائیلسز مشینیں لگائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں گزشتہ سال سیلاب سے متاثرہ افراد کو رواں ہفتے امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے فری ڈسپنسری اور زچہ و بچہ سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔گورنر پنجاب کے مطابق نوجوانوں، وائس چانسلرز، جامعات اور ریڈ کریسنٹ کے باہمی تعاون سے مزید فلاحی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی کے لیے نوجوانوں کے تعاون سے ڈیجیٹل بلڈ ڈونر سسٹم تیار کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے یونیورسٹی کے علاقے میں موجود ضرورت مند افراد کو فوری طور پر خون فراہم کیا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہر یونیورسٹی میں فرسٹ ایڈ کیمپس اور ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جائیں گے تاکہ ہر جامعہ میں فرسٹ ایڈ کی ایک تربیت یافتہ ٹیم موجود ہو۔ اس کے علاوہ گرین کیمپس اور کلائمیٹ ایکشن کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت شجرکاری اور ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلرز سے اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی یونیورسٹی میں 5 سے 10 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعات کے اس اقدام سے دیگر ادارے بھی شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کی جانب راغب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعات اپنے پراسپیکٹس میں 50 روپے انسانیت کی خدمت کے لیے مختص کریں تاکہ نوجوانوں میں فلاحی سرگرمیوں اور خدمتِ خلق کا جذبہ مزید مضبوط ہو۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے شجرکاری، ماحولیاتی آگاہی اور کلائمیٹ ایکشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید عظیم بنانے کی ہمت عطا فرمائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے