بھکاری نہیں کاروباری، امداد نہیں روزگار، گورنر پنجاب خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کرنے لگے

لاہور(پنجاب پوسٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اٹک کے علاقے ڈھرنال میں خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں عمائدینِ علاقہ، اہلِ علاقہ اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سلائی مشینوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سلائی مشین محض ایک مشین نہیں بلکہ ایک خاتون کے لیے باعزت روزگار، خودمختاری اور اپنے خاندان کا سہارا بننے کا ذریعہ ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اور سیاسی قیادت کی کوشش ہے کہ خواتین کو ایسے مواقع فراہم کیے جائیں جن کے ذریعے وہ گھر بیٹھے باعزت طریقے سے روزگار کما سکیں۔ خواتین کو ہنر مند بنانے اور معاشی مواقع فراہم کرنے سے نہ صرف ان کے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر ہو سکتی ہے بلکہ وہ ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب، مزدور، کسان اور عام آدمی کے حقوق کی آواز بن کر میدان میں کھڑی رہی ہے۔ پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق، معاشی خودمختاری اور مساوی مواقع کی حمایت کرتی ہے اور خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی خواتین، غریب عوام اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی اور خواتین کے لیے سیاست اور عوامی خدمت کے میدان میں ایک روشن مثال قائم کی۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور کسی بھی ملک کی ترقی میں ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ خواتین کو ہنر، روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنایا جا سکتا ہے، جس سے معاشرے اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا بنیادی فلسفہ عوام کی خدمت، مساوات اور معاشرے کے کمزور طبقات کو آگے لانا ہے۔ غریب اور مستحق خاندانوں کو سہولیات کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانے اور عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں سردار فیضان حیدر خان، ملک امانت خان راول، سردار احسن خان ملال اور سردار محمد علی خان نے خصوصی شرکت کی، جبکہ عمائدینِ علاقہ اور اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے